وسطی باغ میں کوئی طالع آزما ڈاکہ نہیں ڈال سکتا، امتیاز نسیم

اسلام آباد(نیل فیری نیوز) پی ٹی آئی آزاد جموں کشمیر کی مرکزی نائب صدر امتیاز نسیم نے کہا ہے کہ وسطی باغ لگہ بیڑا نہیں یہاں پی ٹی آئی اور کرنل نسیم مرحوم کے وارث موجود ہیں وسطی باغ میں پی ٹی آئی کرنل نسیم مرحوم کا لگایا ہوا پودا ہے جو انہی کی محنت سے تناور درخت بنا ہے پی ٹی آئی کیلئے کرنل نسیم مرحوم نے اپنی جان بھی قربان کر دی کسی کو کرنل نسیم مرحوم کے ساتھیوں کی محنت پر پانی نہیں پھیرنے دیں گے ۔ کرنل نسیم کے چاہنے والے کسی نام نہاد لیڈر کو کرنل نسیم مرحوم کی محنت اور قربانیوں کا سودا نہیں کرنے دیں گے۔ آذاد جموں کشمیر میں بیرسٹر سلطان محمود کی محنت کے بغیر اور وسطی باغ میں کرنل نسیم مرحوم کی انتھک محنت ، قربانیوں اور کوششوں کے بغیر پی ٹی آئی کا کوئی وجود تھا ناں ہے ۔سیاسی جماعتوں میں آنے اور الیکشن لڑنے سے کوئی کسی کو نہیں روک سکتا لیکن وسطی باغ میں کرنل نسیم مرحوم اور پی ٹی آئی کے وارث موجود ہیں جو کسی طالع آزما کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ وسطی باغ کے تمام سٹیک ہولڈرز مشترکہ امیدوار لائیں گے الیکشن سے پہلے کارکنوں میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن الیکشن میں سب مل کر مرکزی قیادت کے نامزد کردہ امیدوار کی سپورٹ کریں گے ۔مرکزی قیادت اور تنویر الیاس کو سوچنا ہو گا کہ کون سے عناصر اپنے مالی مفادات کیلئے انہیں اور پارٹی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں مرکزی قیادت ایسے مفاد پرست عناصر کے خلاف کاروائی کرے جو اپنی جیب بھرنے کیلئے پارٹی بیچنے پر تلے ہوئے ہیں۔ آج بیرسٹر سلطان محمود کی شب و روز محنت کی بدولت پی ٹی آئی ریاست کی مضبوط ترین جماعت بن چکی ہے عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت میں گلگت کے بعد آزاد جموں کشمیر میں بھی ہماری حکومت بنے گی لیکن پارٹی کے اندر اور باہر سے کچھ عناصر بیرسٹر سلطان محمود کی کردار کشی کر کے اپنے ذاتی مفادات کیلئے جماعت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جس کا مرکزی قیادت کو نوٹس لینا چاہئیے اور ان سازشوں سے بچنا چاہئیے جو ہماری جماعت اور سیاسی جدوجہد کو پٹری سے اتار سکتی ہیں۔ ہم اپنی ریاستی اور مرکزی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور اگلے الیکشن میں بڑی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں کوئی بھی سازش ہمیں اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ وسطی باغ کے عوام کرنل نسیم مرحوم کے مشن کو پورا کرنے کیلئے متحد ہیں اور آمدہ الیکشن میں وہ اس اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کر کے دنیا کو بتا دیں گے کہ وہ اپنے مرحوم قائد سے کس قدر والہانہ عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔