پارٹی ٹکٹ کا امیدوار ہوا قیادت نے اعتماد کیا تو مایوس نہیں کروں گا ، دلاور بخاری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما و سی ای سی کے رکن سید دلاور بخاری نے کہا ہے کہ ذولفقار علی بھٹو شہید اور بی بی شہید کے نظریات کے ساتھ جڑی پارٹی آمدہ الیکشن میں بہترین نتائج دے گی، پیپلز پارٹی کے تمام جیالے اپنی پارٹی اور قیادت کے ساتھ چٹان کے ساتھ کھڑے ہیں، راولاکوٹ کے حلقہ انتخاب تھوراڑ میں پارٹی منظم ہے، چھوڑ کر جانے والے تنہا آئے تھے اور تنہا گئے ہیں ، پارٹی نے ٹکٹ دیا تو قیادت کے فیصلے کو مایوس نہیں کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کیا ۔ سید دلاور بخاری نے کہا کہ آزادکشمیر میں حکمران جماعت کی کارکردگی مایوس کن ہے، عوامی بجٹ کو غلط طریقے سے استعمال کیا گیا ہے، پانچ سالوں میں کوئی ایک بھی بڑا عوامی منصوبہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے چوہدری عبدالمجید ، سردار یعقوب خان ، چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں کم بجٹ کے باوجود بھی میگا پراجیکٹس دیئے۔ یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالجز قائم کیے ، مرکزی شاہراہیں بنائیں، موجودہ حکومت صرف زبانی دعووں میں مصروف ہے،

انہوں نے کہا کہ تھوراڑ حلقے کو تعمیر و ترقی سے دور رکھا گیا ہے، عوام کو بنیاد سہولیات میسر نہیں اور حکمران جماعت کے لوگ فوٹو سیشن سے لوگوں کو مطمئین کرنا چاہ رہے ۔ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کو کہا ہے کہ وہ اس بار کسی کے فریبی نعروں میں نہ آئیں ، پیپلز پارٹی عام غریب کی جماعت ہے اور ہم پیپلز پارٹی کی حکومت بنا کر عوامی خدمت کریں گے۔