سریاں بنگوئیں : جنگلی سور کے حملہ میں گھر کے پاس کھیلتی معصوم بچی شدید زخمی

راولاکوٹ( نیل فیری نیوز) ضلع پونچھ تحصیل راولاکوٹ کے علاقےسریاں بنگوئیں میں جنگلی سور نے معصوم بچی کوزخمی کر دیا ۔جسے شدید زخمی حالت میں علاج کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا ۔علاقے کے لوگوں نے جنگلی سور کی تلاش شروع کردی۔

واقعات کے مطابق سریاں بنگوئیں کے عمران جنت کی بیٹی جو گھر کے پاس کھیل رہی تھی کے جنگلی سور نے اچانک حملہ کر دیا اور بچی کو بری طرح زخمی کر دیا نیل فیری کو موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچی کو سی ایم ایچ راولاکوٹ میں ایڈمٹ کردیا گیا جہاں اس کا علاج معالجہ جاری ہے۔

عوام علاقہ نے انتظامیہ اور محکمہ ولڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگلی سوروں سے انسانی آ بادی کو محفوظ رکھنے کےلئے اپنا کردار ادا کریں ، جنگلی جانوروں کے قدرتی مسکن (جنگلات) کی بے دریغ کٹائی کی وجہ سے خونخوارجنگلی جانور بے قابو انسانی جانوں پر حملہ آور ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے انسانی زندگیوں بالخصوص بچوں کی زندگیوں کوشدید خطرات لاحق ہیں جبکہ جنگلی سورمقامی لوگوں کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اگر بروقت کارروا ئی عمل میں نہ لا ئی گئی تو بہت بڑانقصان ہوسکتا ہے

فصلوں کی تباہی تو پھر بھی قابل برداشت ہے لیکن نسلوں کی تباہی کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ عوام نے کہنا ہے کہ خدارا کسی بڑے سانحے سے پہلے اس کے بارے سنجیدگی سے سوچا جائے۔جانوروں کے مسکن تباہ ہوتے ہی کئی بیماریاں پھیلتی ہیں۔ انسان آئے روز نئی وباؤں سے لڑنے کی طاقت نہیں رکھتے۔

چونکہ ہر بیماری چاہے وہ ملیریا ہو یا ایڈز جنگلوں سے آئی ہے تو کیوں نہ جنگل کاٹنے کے بجائے ان کی حفاظت کی جائے تا کہ جو چیز جہاں کی ہے وہاں ہی رہے۔ قدرت کے کچھ اصول ہیں اور انسان کو بھی اب چاہیے کہ ان اصولوں کے تابع اپنے سسٹم تشکیل دے، نہیں تو کل کو کورونا وائرس سے زیادہ بڑی آفت کے لیے خود کو ذہنی طور پہ تیار رکھے۔