اسلام آباد( نیوز ڈیسک) شہید اعظم کشمیر محمد مقبول بٹ کی بہو جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے رہنما شوکت مقبول بٹ کی اہلیہ شازیہ جی ڈی نے خودمختار کشمیر اورالحاق پاکستان کے نعروں کو بڑا فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں نعرے کشمیر ی عوام کو بیوقوف بنانے اور انہیں تقسیم کرنے کے لئے ہیں جن کا کا کوئی مستقبل نہیں۔ خود مختار کشمیر کے نعرے سے مقبول بٹ کا کوئی تعلق نہیں تھا اگر ایسا ہوتا تو ان کو راستے سے نہ ہٹایا جاتا ۔ان کی جدوجہد پوری ریاست کے لئے تھی ایک علاقے کے لئے نہیں تھی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب فیس بک پر جاری کردہ اپنے سٹیٹس میں کیا ہے ۔یاد رہے کہ شازیہ جی ڈی ان دنوں برطانیہ میں موجود ہیں اور وہ نیپ برطانیہ کے منحرف دھڑے کے سربراہ سجاد راجہ کے تنظیمی ڈھانچہ میں نیپ وویمن ونگ برطانیہ کی چیئر پرسن بھی ہیں ، شازیہ جی ڈی کے سٹیٹس پر قوم پرست جماعتوں کے کارکنان انگشت بدندان ہیں اور انہیں شدید نتقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔
