شہدائے زلزلہ 2005 اور شہدائے زلزلہ میرپور کی یاد میں حویلی میں دُعائیہ تقریب کا انعقاد

حویلی کہوٹہ(نیل فیری نیوز)زلزلے ہمیشہ بداعمالیوں کا نتیجہ ہوتے ہیں اس طرح کے سانحہ سے سبق سیکھنا چاہیے ۔ ڈپٹی کمشنر حویلی ۔ 2005 کے زلزلہ کے شہداء اور شہدائے زلزلہ میرپور کی یاد میں دُعائیہ تقریب و اجتماعی دُعا ۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے بھی خصوصی دُعا کی گئی۔ محکمہ شہردفاع نے 8:52 پر سائرن بجایا گیا۔ اور خاموشی اختیار کی گئی ۔ لوگوں میں حادثات سے نبٹنے کے لیے آگاہی ریلی نکالی گئی۔
تفصیل کے مطابق شہدائے زلزلہ 2005 اور شہدائے زلزلہ میرپور کی یاد میں حویلی میں ایک پُروقار دُعائیہ تقریب کا انعقاد مرکزی جامع مسجد الشہدا حویلی میں ہوا۔ اس تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ ارشد محمود نے کی تقریب میں ایس پی حویلی مرزا شوکت انتظامیہ کے آفیسران ، ملازمین ، شہریوں کے علاوہ محکمہ شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ، انسپکٹر ، صدر انجمن تاجران ، علمائے کرام ، مولانا خواجہ محمد شریف، مولانا شوکت رضوی، قاری وزیر محمد، اور شہریوں نے شرکت کی ۔ تقریب میں شہداء کے لیے خصوصی قرآن خوانی کی گئی اور شہدائے زلزلہ اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دُعاکی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حویلی ارشد محمود نے کہا کہ 2005 کے زلزلے کے دوران 80 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے اور لاکھوں زخمی ہوئے۔جس کے اثرات تا حال موجود ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ زلزلے پوری دُنیا میں رونما ہورہے ہیں لیکن اس خطے کو زلزلوں کی وجہ سے زیادہ تباہی کا سامنا کرنا پڑا ۔ یہ ہماری بداعمالیوں کا نتیجہ ہے۔ ہمیں اس سانحہ سے سبق سیکھنا چاہیے اور مساجد کو آباد کرنا چاہیے اللہ سے معافی مانگنی چاہیے اُنہوں نے کہا کہ شہداء کو یاد رکھنے کا بہترین طریقہ اس دن اُن کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی جائے تقریب کے اختتام پر محکمہ شہری دفاع نے حادثات سے نبٹنے کے لیے آگاہی واک کا اہتمام کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں