سوشل سینٹر شارجہ میں غزل گائیک نسیم صدیقی کے ساتھ ایک شام

شارجہ یو اے ای ( رپورٹ فرزانہ اعوان )پاکستان کے معروف غزل گو نسیم علی صدیقی کی سنگت میں نایاب لمحے کے نام سے ایک خوبصورت شام کا انعقاد پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں کیا گیا. پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی ایک منفرد خوبی یہ ہے کہ اس میں عوام الناس کی تفریح کے لیے گاہے بگاہے مختلف نوعیت کے تفریحی و سماجی پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں نہ صرف عوام الناس بلکہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد بھی شرکت کرتے ہیں. اس خوبصورت تقریب کے شرکاء میں میاں منیر ہانس، ملک اسلم ،خواجہ وحید اے پال، غلام مصطفی مغل،عابد اختر قریشی، حافظ عبد الرؤوف ، اکرم انصر، فرزانہ اعوان، شہناز خانم ،ناذیہ بٹ، بشریٰ عبیر، فرح، فرزانہ منصور و دیگر معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی. اس سینٹر میں نہ صرف موسیقی کے پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں بلکہ تمام تہواروں کی مناسبت سے ٹیبلو، ملی نغمے، کوئز پروگرامز کے علاوہ دیدہ سٹالز اور فوڈ کورٹ وغیرہ بھی سجائے جاتے ہیں. عوام الناس کی کثیر تعداد ان تقاریب میں موجود ہوتی ہے. فیملی ایونٹ ہونے کی بناء پر ان تقاریب میں خواتین بچے بوڑھے،نوجوان سب کی ایک کثیر تعداد موجود ہوتی ہے. لوگ نہ صرف محظوظ ہوتے ہیں. بلکہ دل کھول کر فنکاروں کی داد رسی بھی کرتے ہیں اور اپنے من پسند گانوں اور غزلوں کی فرمائش بھی پوری کرواتے ہیں، نسیم علی صدیقی نے کمال فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف خوب داد سمیٹی بلکہ اپنی مدھر آواز سے لوگوں کے دل موہ لیے. خوبصورت آواز، مدھر سر اور تالیوں کی گونج نے محفل کو ایک الگ سی دنیا بنا دیا. اس طرح کی محافل معاشرے کے افراد کے لئے تازہ جھونکے کی طرح ثابت ہوتی ہیں. جو نہ صرف آج کل کی مصروف زندگی میں آکسیجن کا کردار ادا کرتی ہے بلکہ ایک صحت مند کی نمو کے بھی نہایت ضروری ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں