میلاد النبی کے موقع پر ملک بھر میں جوش وخروش

اسلام آباد (نیل فیری نیوز) ملک بھر میں یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے مبارک دن کا آغاز کیا گیا۔

مساجد میں نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی وخوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت کے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف مقامات پر بڑی اور چھوٹی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

رحمۃ اللعالمینﷺ کی ولادت کی خوشی میں ملک کا قریہ قریہ، گلی گلی اور شہر شہر سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔

عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر کراچی میں مساجد، سرکاری و نجی عمارتوں پر دیدہ زیب چراغاں کیا گیاہے، گھروں، گلیوں اور بازاروں کو خصوصی طور پر جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں جلوس و ریلیاں نکالیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس نکالے جائیں گے ۔

عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں راولپنڈی کا مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے شروع ہو گا جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر کریں گے ۔

جلوس بنی چوک، کوہاٹی بازار، کمیٹی چوک، ٹرنک بازار، فوارہ چوک اور راجہ بازار سے ہوتا ہوا واپس جامع مسجد روڈ پر اختتام پذیر ہوگا ۔

عید میلاد النبیﷺ کے جلوس کے لیے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور مقررہ راستوں کو خاردار تاروں سے سیل کر دیا گیا ہے ۔

اسلام آباد میں عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس جی سیون سے شروع ہو گا جو حبیب مارکیٹ، بلیو ایریا، میلوڈی اور آبپارہ سے ہوتا ہوا دربار سخی شاہ پر اختتام پذیر ہوگا ۔

اس موقع پر اسلام آباد میں بھی عید میلاد النبی کے جلوس کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں جشن عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس سہ پہرتین بجے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا

اپنا تبصرہ بھیجیں