نبیلہ ارشاد کا جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی نامی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان

نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ نے آزادکشمیر میں نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کردیا

اسلام آباد(نیل فیری نیوز)نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی سابق مرکزی سیکر ٹری جنرل و سینئر نائب صدر نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ نے کارکنان سے مشاورتی اجلاس کے بعد پر ہجوم پریس کانفرنس کی ،نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ کے ہمراہ معروف مصنفہ رابعہ رزاق، راجہ اظہر حیات، کمانڈر سردار ذاکر خان، غازی نسیم رضا، خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ، عائشہ مصطفیٰ ایڈووکیٹ سمیت اہم افراد سٹیج پر بیٹھے تھے جبکہ کارکنان کی ایک بڑی تعداد اجلاس اور بعد ازاں پریس کانفرنس میں شریک تھی۔

نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ نے کہا کہ تین دہائیاں قبل جموں کشمیر پیپلز پارٹی وجود میں آئی تھی اور اس پارٹی میں‌سردار خالد ابراہیم خان کی وفات کے بعد ایک بڑا خلا پیدا ہو چکا ہے، جس سے پارٹی کے نظریات کو شدید نقصان پہنچا ہے ، سردار خالد ابراہیم خان سیاسی طور پر صاف و شفاف کردار کے مالک تھےکوئی بھی شخص سردار خالد ابراہیم کےکردار اور نظریات پر انگلی نہیں اٹھا سکتا-

نبیلہ ارشاد نے کہا کہ میرے خاندان کی چوتھی نسل اس جماعت سے وابسطہ رہی ہے،سردار خالد ابراہیم خان کی وفات کے بعد پارٹی غیر جمہوری روایات پر چل پڑی اور میری پارٹی رکنیت غیر جمہوری اور غیر آئینی طریقے سے معطل کی گئی اور بعد میں پارٹی رکنیت کی منسوخی کا اعلان کیا گیا۔ الیکشن شیڈول جاری کرتے ہوئے یا شیڈول جاری ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں میں اس طرح کی سرگرمیاں کبھی ہیں کی جاتیں، انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی میں سیاسی کارکنان سے غلاموں کی طرح برتاو کیا جا رہاہے ، پارٹی رکنیت معطلی کے بعد مجھے بھی خاموشی اختیار کرنے کے مشورے دیئے گئے۔

نبیلہ ارشاد کا مزید کہنا تھا کہ میری پارٹی رکنیت کومعطل اور منسوخ کرنے کے لیے گزشتہ چار، چھ ماہ سے سازش اور پلاننگ کی جاتی رہی-نبیلہ ارشاد خان نے کہا کہ اس وقت جب تحریک آزادی کشمیر نازک ترین صورتحال میں ہے تو ہمیں ایک ایسے سیاسی پلیٹ فار م کی ضرورت ہے جو اس وقت تحریک آزادی میں کردار ادا کرے-

نبیلہ ارشاد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد آزاد کشمیر سے جاندار آواز بلند نہیں کی ، ہماری پارٹی سمیت دیگر تمام سیاسی جماعتیں مجرمانہ خاموش رہیں، بدقسمتی سے ہم قائدانہ کردار ادا نہیں کر سکے -مقبوضہ کشمیر والوں کیلئے پاکستان کی سیاسی جماعتوں سمیت ہم سب نے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے-

نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ایک نیا جمہوری پلیٹ فارمم بنا نا ہو گااور اس کے لیے آج ہم سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہیںاور اس نئی سیاسی جماعت کا نام جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی ہو گااور میں‌ تمام کشمیریوںسے گزارش کرونگی کہ ہماری اس جماعت کے نظریے کاحصہ بنیں‌-میں آزادکشمیر کے عوام کو یقین دلاتی ہوں کہ یہ جماعت روایتی سیاست کا حصہ نہیں بنے گی-

جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین نے پریس کانفرنس سے قبل مشاورتی اجلاس کیا جس میں نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ کو مرکزی چیئپرسن بنانے کا اعلان کیا جبکہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ دیگر عہدیداران کا انتخاب پارٹی کی رکنیت سازی کے بعد کیا جائے گا۔ نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ نے پارٹی آئین سازی کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جس میں وکلا ء حضرات خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ، عائشہ مصطفیٰ ایڈووکیٹ سمیت دیگر سینئر لوگ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں