ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول چکسواری کی سالانہ تقریب نتائج و تقسیم انعامات کا مختصر احوال معہ تصاویر۔

چک سواری (اپنے نمائندے سے) بشیراحمد شگو امیرجماعت اسلامی آزادکشمیر یوتھ ڈویژن میرپور نے ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول چک سواری کی سالانہ تقریب بسلسلہ نتائج و تقسیم انعامات سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علم حاصل کرنا ہرمسلمان مردو عورت پرفرض ہے۔ اولادکی اچھی تعلیم وتربیت کااہتمام کرنا والدین کافرض ہے۔ نیک اولادوالدین کے لیے صدقہ جاریہ ہوتے ہیں۔اسلام میں اُستاد کو روحانی باپ کادرجہ دیاگیاہے۔ طلبہ کی بہترین تعلیم وتربیت کے ذریعے اساتذہ دارین کی سعادتیں حاصل کرسکتے ہیں۔ طلبہ محنت اور تحقیق کو اپنا شعار بنائیں کیوں کہ علم کے زیورسے آراستہ اقوام نے ہی دنیا پر حکمرانی کی۔ علم ایساہتھیار ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا اور علم ہی کے ذریعے ہم اپناکھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

بشیراحمد شگو نے مزید کہا کہ مٹھی بھرطالبان نے جہاد کی برکت سے دنیاکی سپرپاور کو ناکوں چنے چبوائے اور ہم ایٹمی ملک ہوکر بھی مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ گذشتہ سات دہائیوں سے کشمیری ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے وکیل مقدمہ لڑنے کی بجائے ذاتی مفادات کوترجیح دے رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ریڈ فاؤنڈیشن کے تعلیمی ادارے بہترین انداز میں نونہالانِ قوم کی تعلیم وتربیت کر رہے ہیں اور وثوق سے کہاجاسکتا ہے کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک کی بھاگ ڈور سنبھال کرعظمت رفتہ کی یاد تازہ کردیں گے۔

اس کے علاوہ تقریب سے ریٹائرڈ صدر معلم و صدر مرکزی میلادکمیٹی چک سواری حاجی تاسب حسین چودھری، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرغربی چک سواری محمدعجائب، ریجنل منیجرریڈ فاؤنڈیشن ظفرنذیر، ڈپٹی منیجرمزمل حسین، پرنسپل ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول چک سواری چودھری احسن محمود نے بھی خطاب کیا۔

سالانہ تقریب نتائج وتقسیم انعامات میں صدرآزادپریس کلب چک سواری شہزادعظیم، سابق صدر محمد مرتضیٰ عطاری، نائب صدر صبرشیراز چودھری، سیکرٹری اطلاعات وقاص حسین چودھری، ممتاز کاروباری شخصیت قاضی مظہرحسین، پرنسپل ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول منگلا ہملٹ منیرحسین، پرنسپل گلوبل سائنس سکول وکالج چک سواری چودھری آدم علی، صدر مرکزی انجمن تاجراں چک سواری حاجی چودھری منیرحسین سیٹھی، خواجہ ایاز احمد، راجہ امیرافضل، قاضی اللہ دتہ، سائیں یعقوب نوشاہی، حوالدارظفرحسین، ڈاکٹر عبدالرزاق، ریڈفاؤنڈیشن میں زیرتعلیم طلبہ، اُن کے والدین اور عزیزو اقارب نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔

تقریب میں ادارے کے سالانہ نتائج کا اعلان کیاگیااور مہمان حضرات نے نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔

ریڈفاؤنڈیشن ہائی سکول چک سواری کے اساتذہ اورمہمان حضرات کو بھی اعزازی شیلڈزدی گئیں۔ تقریب میں ادارے کے طلبہ نے رنگا رنگ پروگرام پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ طلبہ نے ملی نغمے، ترانے، ٹیبلو، تقاریر اور خاکے وغیرہ پیش کیے۔#

اپنا تبصرہ بھیجیں