اوپن یونیورسٹی نے داخلہ فیس کو دو اقساط میں جمع کرانے کی سہولت فراہم کردی۔

اسلام آباد (صباح نیوز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک بھر میں لاک ڈائون کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے داخلے کے نئے امیدواروں کو تعلیمی نیٹ میں شامل کرنے اور پہلے سے داخل طلبہ کا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔

داخلوں کی تاریخ 15۔اپریل سے بڑھا کر 5۔جون کردی گئی ہے جب کہ داخلہ فیس کو دو اقساط میں جمع کرانے کی اضافی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ طلبہ ہمارا اثاثہ ہیں اور یونیورسٹی اُن کی سہولت کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کے پھیلائو کی وجہ سے مالی مسائل کا سامنا کرنے والے طلبہ کی مدد کے لئے فیس کو دو اقساط میں جمع کرانے کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ داخلے کے امیدوار اپنی مطلوبہ فیس دو مساوی اقساط میں جمع کراسکیں گے۔

پہلی قسط مکمل فیس کی (50۔فیصد) 5جون تک جمع کی جاسکے گی جب کہ باقی فیس 17۔جولائی تک جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے۔ فیس دو اقساط میں جمع کرانے کی سہولت اختیاری اور صرف آن لائن داخلے کے لئے دستیاب ہیں۔ کسی بھی مشکل صورت میں داخلے کے امیدواروں کو یونیورسٹی کے قریب ترین ریجنل آفس کا وزٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر شعبہ داخلہ میاں محمد ریاض کے مطابق فیس کی پہلی قسط جمع کرانے کے بعد یونیورسٹی خالصتًا عارضی/ مشروط بنیادوں پر داخلہ دے گی اگر کوئی طالب علم مقررہ تاریخ تک دوسری قسط جمع نہیں کرے گا تو یونیورسٹی اُن کا داخلہ کینسل کرانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں