پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال، شیڈول، ٹکٹ و دیگر معلومات اس خبر میں۔

اسلام آباد (نیل فیری نیوز) پاکستا ن انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق (کل) 19 اپریل سے لاہور اور اسلام آباد سے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔ پی آئی اے پروازوں کا مقصد دونوں ممالک میں پھنسے شہریوں کو وطن واپس لانا ہے۔ پی آئی اے کا یکطرفہ رعایتی کرایہ ایک لاکھ 10 ہزار روپے یا 525 پائونڈ ہو گا جب کہ پہلے سے بکنگ رکھنے والے مسافروں کو بھی پرواز میں جگہ دی جائے گی۔

ترجمان قومی ائر لائن کے مطابق نئی بکنگ کروانے والے مسافر پی آئی اے کی ویب سائٹ یا دفاتر سے رجوع کریں گے اور پروازوں کی بکنگ جاری ہیں۔ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق مسافروں کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل کیا جائے گا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے 21 مارچ کو کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے باعث اپنی تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دو ہفتے قبل پاکستان نے برطانیہ کے لیے خصوصی پرواز روانہ کی تھی جس میں اسلام آباد سے 403 مسافر مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اس دوران ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کی اسکریننگ اور طبی معائنہ کیا تھا جب کہ مسافروں کے سامنا پر اسپرے بھی کیا گیا تھا۔ پی آئی اے کے کپتان، فرسٹ آفیسر اور کریو کو حفاظتی کٹس، ماسک اور گلوز بھی دیئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں