اسلام آباد، پاکستان میں مہنگائی زمین بوس ہونے کا آغاز ہوگیا، احساس پروگرام دیہاڑی دار طبقے کیلئے نعمت ہے. عنبرین سواتی

اسلام آباد (نمائندہ نیل فیری) پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی مرکزی فنانس سیکرٹری محترمہ عنبرین سواتی نے کہا ہے کہ عمران خان کا احساس پروگرام دیہاڑی دار اور پسے ہوئے طبقے کیلئے لاک ڈاؤن کے دور میں بہت بڑی نعمت ہے جس میں ایک مخصوص طریقہ کار سے صرف غریب مستفید ہو رہے ہیں۔ ماضی میں بینظیر انکم سپورٹ اسکیم میں اکثریت سرکاری ملازمین کی تھی جنہوں نے غریبوں کا حق مارا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تاریکی میں امید کی کرن ہیں۔

عنبرین سواتی نے مزید کہا پاکستان میں مہنگائی زمین بوس ہونے کا آغاز ہوگیا پیٹرول تیس روپے اور ڈیزل 42 روپے سستا ہونے سے معاشی بحالی کی فتح ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب درست سمت پر چل نکلاہے اور اس کا کریڈیٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کر کے تباہ حال معیشت کر درست سمت کھڑا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

پاکستان میں اداروں کو مستحکم کرنے میں وزیراعظم پاکستان کا اہم رول ہے۔ ماضی میں پاکستان میں اداروں کے بجائے شخصیات کو مضبوط کیا جاتا رہا جسے وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف ختم کیا بلکہ پاکستانی قوم نے دیکھا کہ وہ لوگ جو خود کو قانون سے بالا سمجھتے تھے اور قانون کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے تھے وہ اسی قانون کے سامنے بے بس نظر آئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور منشور کے مطابق تحریک انصاف کی مضبوطی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان عوام کے لیے امید کی کرن ہیں اور دنیا ان پر اعتماد کرتی ہے یہ ہماری خوش قسمتی ہے ہمیں ایک طویل عرصے بعد بہترین لیڈر میسر ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے وقار اور امیج کو جسے سابق حکمرانوں نے بگاڑ رکھا تھا واپس بحال کر دیا۔ آج پاکستان پر دنیا اور بالخصوص اوورسیز کا اعتماد وزیراعظم عمران خان کی شخصیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

جس طرح کرونا ریلیف فنڈ میں مشکلات کے باوجود اوورسیز نے اپنا حصہ ڈالا قوم اس جذبے کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اپیل پر اوورسیز نے دل کھول کر ایک بار پھر بھرپور انداز سے پاکستانی عوام کے لیے حکومت کے ریلیف فنڈ میں رقم جمع کروائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف وزیراعظم عمران خان کی کرشمہ ساز شخصیت ہی ہے کہ جس پر اوورسیز دل کھول کر اعتماد کرتے ہیں۔ حالانکہ ماضی کے حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کا امیج خاصا خراب تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے حکومت سنبھالنے کے بعد دن رات محنت کر کے نہ صرف پاکستان کے امیج کو بہتر کیا بلکہ آج پاکستان کا وقار دنیا میں بلند سے بلند تر ہو تا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کرونا وائرس سے صرف محتاط رہ کر ہی بچا جا سکتا ہے۔ رمضان المبارک میں گھروں میں عبادات کے ذریعے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے تاکہ جس طرح کی وباء کا ہمیں سامنا ہے اس سے نجات حاصل ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں