آزادکشمیر: سیاحت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس، اہم منصوبہ جات زیرِ غور۔

میرپور (نیل فیری نیوز) ڈپٹی کمشنر راجہ طاہر ممتازخان سے ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت ملک محمد موسیٰ کی ملاقات، ضلع میرپور اور بھمبر میں سیاحت کے چھ منصوبہ جات کی تکمیل اور تعمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایکسین بلڈنگ شہزادہ اورنگزیب، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک اور اسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت قمر ایوب نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت ملک محمد موسیٰ نے بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان اور وزیر سیاحت واطلاعات، سپورٹس راجہ مشتاق احمد مہناس کے ویژن، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری سیاحت واطلاعات کی ہدایات کے تحت آزاد کشمیر بھر کی طرح ضلع میرپور اور بھمبر میں ٹورازم کے چھ بڑے منصوبہ جات شروع کیے جا رہے ہیں جن پر کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں ان میں جاتلاں میں ڈاک بنگلہ کی تزئین وآرائش، منگلا اور پلاک کے مقام پر بنیادی سہولیات اور پارکس، بھمبر میں جنڈی چونترہ پارک اورباغسر جھیل کی تعمیرکے منصوبے بنائے جارہے ہیں جس سے سیاحت کے شعبہ کو فروغ حاصل ہوگا اور میرپور بھمبر میں سیاحوں کی زیادہ سے زیادہ آمدورفت ہوگی اور یہاں حقیقی معنوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

ڈپٹی کمشنرراجہ طاہر ممتاز خان نے سیاحت کے جملہ منصوبہ جات کی تکمیل میں بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرواتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر قدرتی طور پر دنیا کا خوبصورت خطہ ہے جس میں ٹورازم کا بڑاپوٹینشنل موجود ہے۔میرپور اور بھمبر میں قدیم تاریخی قلعہ جات، خوبصورت مقامات اور بالخصوص منگلاڈیم صاف شفاف پانی کا بڑا خوبصورت ذخیرہ ہے جس کے چاروں اطراف سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

منگلا ڈیم میں کشتی رانی اور دیگر سپورٹس سرگرمیوں کو فروغ دے کر انٹرنیشنل سپورٹس گیمز بھی کروائی جاسکتی ہیں۔ قلعہ رام کوٹ اور منگلا قلعہ ڈیم کے کنارے ہیں،میرپور بین الاقوامی نوعیت کا شہر ہے جہاں تجارتی وصنعتی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں اور دنیا بھر سے اوورسیز کی ایک بڑی تعداد میرپور ڈویژن میں آتی ہے اگر ان کے لئے بین الاقوامی نوعیت کی سیاحتی اور تفریحی سہولیات مہیا ہوں تو اس سے خطہ کی معیشت پر نہایت ہی مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

انہوں محکمہ تعمیرات عامہ بلڈنگ سے بھی کہا کہ وہ ٹورازم کے منصوبہ جات کو جلد مکمل کروائیں اور تعمیراتی منصوبہ جات جلدمکمل کریں اور کوالٹی کا خاص خیال رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں