اسلام گڑھ، جعلی اسناد پر کئی برسوں سے بطور میڈیکل سپیشلسٹ پریکٹس کرنے والا گرفتار، اہم انکشافات متوقع۔

اسلام گڑھ (نمائندہ نیل فیری) اسلام گڑھ ویلفیئر ٹرسٹ میں ٹمپرنگ شدہ ڈگریز پر ایم ایس کی پوسٹ پرماہانہ دو لاکھ بٹورنے والا جعلی ڈاکٹر گرفتار۔ گزشتہ کئی سالوں سے ٹمپرنگ شدہ ڈگریز پر پنجاب کے مختلف پرائیویٹ ہسپتالوں اور ٹرسٹوں میں کام کرتا رہا ہے۔ جعلی ڈاکٹر چیچہ وطنی ضلع ساہیوال کی اسناد اور پی ایم ڈی سی کی رجسٹریشن پرٹمپرنگ کر کے اپنی تصویر لگا کر استعمال کر رہا تھا۔

ایس ایچ او تھانہ اسلام گڑھ سب انسپکٹر چوہدری وسیم نواز نے ملزم محمد وسیم کے خلاف 488/471,465/467,419/420APC کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔ آئندہ چند روز میں کیس میں بڑی پیش رفت اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔ اہل علاقہ نے ایس ایچ او تھانہ اسلام گڑھ چوہدری وسیم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد وسیم ساکن اسٹریٹ نمبر 2 ٹائر منڈی چیچہ وطنی ضلع ساہیوال گذشتہ چار ماہ سے اسلام گڑھ ویلفیئر ٹرسٹ (ضلع میرپور آزادکشمیر) میں ایم ایس کی پوسٹ پر میڈیکل اسپیشلسٹ کی بنیاد پر کام کر رہا تھا اور فی مریض کی 150روپیہ فیس چیکنگ بھی لیتا تھا۔

سوموار کے روز پولیس تھانہ اسلام گڑھ کو چند باثوق ذرائع سے اطلاع ملی کہ اسلام گڑھ ویلفیئر ٹرسٹ میں ایم ایس کی پوسٹ پر تعینات ڈاکٹر وسیم کی ڈگریاں جعلی ہیں۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ اسلام گڑھ چوہدری وسیم نواز نے حکام بالا کے نوٹس میں لاکر اے ڈی ایچ او ڈاکٹر ندیم فضل داد کے ہمراہ ٹرسٹ پہنچ کر ٹرسٹ انتظامیہ کی موجودگی میں محمد وسیم سے اسناد طلب کیں۔ جس پر محمد وسیم نے پی ایم ڈی سی کی رجسٹریشن بنام محمد وسیم ولد نصیر احمد اور ایم بی بی ایس اور ایف سی پی سی کی ڈگریوں کی نقول پیش کیں اور خود کو کوالیفائیڈ ڈاکٹر اور میڈیکل اسپیشلسٹ ظاہر کیا۔

پولیس نے جب وسیم کا شناختی کارڈ چیک کیا تو اس پر نام محمد وسیم اختر ولد چوہدری محمد سعید اختر پایا گیا۔ اس طرح اسناد اور شناختی کارڈ میں تضاد پاکر مذید تفتیش کی گئی تو محمد وسیم کا ریکارڈ جعلی اور ٹمپرنگ شدہ پایا گیا۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ نہ تو ڈاکٹر ہے اور نہ ہی میڈیکل اسپیشلٹ بلکہ ٹمپرنگ شدہ اسناد اور رجسٹریشن کے ذریعے قبل ازیں بھی پنجاب کے مختلف پرائیوئٹ ہسپتالوں اور ٹرسٹوں میں بطور میڈیکل اسپیشلٹ کام کر چکا ہے۔ پولیس تھانہ اسلام گڑھ نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ملزم کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیاہے۔ آئندہ چند میں کیس سے متعلق مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں