چکسواری، ثواب فائونڈیشن کا کرونا وائرس سے بچائو کا ایسا اقدام کہ ضلعی انتظامیہ و ڈی ایچ او تعریف کیے بناء نہ رہ سکے۔

چک سواری (قاضی محمد دائود سے) ثواب فاؤنڈیشن انسانیت کی خدمت میں پیش پیش، فاؤنڈیشن چک سواری کی15 جامع مساجدمیں سینی ٹائزر ڈسپنسر اور سینی ٹائزرواک تھروکیٹ نصب کرے گی تاکہ نمازی کروناوائرس سے محفوظ رہ سکیں، ضلعی انتظامیہ اورعوام علاقہ کاثواب فاؤنڈیشن کے احسن اقدام کوخراجِ تحسین۔

تفصیلات کے مطابق ثواب فاؤنڈیشن جس کامرکزی دفترضلع میرپورآزادکشمیرکے نواحی قصبہ چک سواری میں پلاک کے مقام پرواقع ہے، انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ کروناوباء سے پیداہونے والے غیرمعمولی حالات میں فاؤنڈیشن نے اپناکردار بخوبی نبھایا اورخشک راشن کی مدمیں ہزاروں افرادکی امداد احسن طریقہ سے کرکے نہ صرف چک سواری بلکہ میرپورکی فلاحی تنظیموں میں نمایاں مقام پیداکیا۔

اب فاؤنڈیشن کے متعلقین کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے خطیررقم خرچ کرکے حدود تھانہ چک سواری کی15 جامع مساجدمیں ”الحفیظ ہیومین پروٹیکشن پراجیکٹ“ کے تحت سینی ٹائزر ڈسپنسراور مرکزی دروازے پرسینی ٹائزر واک تھروگیٹ نصب کرنے کے منصوبے کاآغاز کرچکی ہے۔ اس منصوبے کے حوالے سے گذشتہ روز فاؤنڈیشن کے مرکزی دفترپلاک چک سواری میں میڈیابریفنگ کاانعقادکیاگیاجس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل میرپور راجہ قیصراورنگ زیب، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹرفداحسین راجہ، نائب تحصیل داراسلام گڑھ چک سواری عمران یوسف چودھری، سابق اُمیدواراسمبلی حلقہ ایل اے 2 چک سواری و مرکزی چیئرمین اقتصادی اُمور بورڈمسلم لیگ (ن) آزادکشمیرمحمدعارف چودھری، چیئرمین علماء ومشائخ کونسل آزادکشمیرمفتی محمدوسیم رضا، خطیب جامع مسجدپلاک اڈہ علامہ عبدالخالق نقشبندی، صدرآزادپریس کلب چک سواری شہزادعظیم، سابق صدورچودھری سکندرحیات کالس، محمدمرتضیٰ عطاری، قاضی جہانگیراحمد، سیکرٹری جنرل قاضی محمدداؤد، سیکرٹری اطلاعات وقاص حسین چودھری، انصرمحمودغزالی، معظم علی چودھری، قیصرعزیز، سیاسی وسماجی راہ نماؤں حاجی چودھری محمداقبال آف تلواڑہ، حاجی چودھری محمدادریس، عابدحسین پلاکوی اور ثواب فاؤنڈیشن کے رضاکاران نے شرکت کی۔

میڈیابریفنگ کے دوران ثواب فاؤنڈیشن کے بانی صدرانجینئرحسنین ادریس نے بتایاکہ فاؤنڈیشن کاقیام 31 دسمبر2019ء کوعمل میں آیا۔ فاؤنڈیشن کے قیام کابنیادی مقصدمعاشرے سے بے روزگاری اور جہالت کاخاتمہ ہے لیکن فاؤنڈیشن کے قیام کے چندماہ بعدمارچ 2020ء میں کروناوباء نے پوری دنیاسمیت آزادکشمیر کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیاجس کے نتیجے میں ہونے والے لاک ڈاؤن سے عوام گھروں میں محصور ہوگئے اور اشیاء خوردونوش کی دستیابی اہم مسئلہ بن گئی۔ثواب فاؤنڈیشن نے اس مرحلے پرخشک راشن کی تقسیم شروع کی اور بہترین حکمت عملی کے تحت ہزاروں افرادکومہینہ بھرکے لیے راشن فراہم کیا۔ بعدازاں رمضان المبارک اورعیدالفطرکے حوالہ سے بھی معقول راشن پیکیج تقسیم کیے گئے۔

اب چوں کہ کروناوباء نے آزادکشمیرمیں پنجے گاڑھناشروع کردیے ہیں اس لیے عوام علاقہ کواس وباء سے بچانے کے لیے فاؤنڈیشن نے الحفیظ ہیومین پروٹیکشن پراجیکٹ کے تحت چک سواری کی15 جامع مساجدمیں سینی ٹائزر ڈسپنسر اور سینی ٹائزر واک تھروگیٹ لگانے کامنصوبہ شروع کیاجس کی میڈیابریفنگ کے لیے ہم سب یہاں جمع ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سینی ٹائزر ڈسپنسراور سینی ٹائزر واک تھروگیٹ تیار/ دستیاب ہوچکے ہیں جنہیں فی الفور جامع مساجدمیں نصب کردیاجائے گاتاکہ مسجدجانے والاہرآدمی کروناکے جراثیم سے پاک ہوسکے اوران شاء اللہ العزیزمستقبل میں بھی ثواب فاؤنڈیشن اپنے منشورکے تحت عوامی خدمت میں مصروفِ عمل رہے گی۔

بانی صدرثواب فاؤنڈیشن انجینئرحسنین ادریس نے ضلعی انتظامیہ کے آفیسران، میڈیکل آفیسر، صحافیوں، سیاسی راہ نماؤں، علماء کرام کامیڈیابریفنگ میں شرکت اورحوصلہ افزائی پردلی شکریہ اداکیا۔ اس موقع پرضلعی انتظامیہ ودیگرشرکاء نے ثواب فاؤنڈیشن کی کاوشوں کوزبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ضلعی انتظامی آفیسران نے ثواب فاؤنڈیشن سمیت تمام رفاعی اداروں کومکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ رفاعی ادارے حکومت کابوجھ بانٹ رہے ہیں اورعوامی خدمت میں مصروف ہیں اس لیے ان رفاعی اداروں کی ہرممکن معاونت کی جاتی رہے گی۔میڈیابریفنگ کے اختتام پرمفتی محمدوسیم رضانے اجتماعی دُعاکروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں