چکسواری، انتخابی وعدوں کی تکمیل، پلاک کی رابطہ شاہرات و گلیوں کی پختگی کے منصوبہ جات پر کام شروع۔

چک سواری (نمائندہ نیل فیری) آزادکشمیر کے گذشتہ عام انتخابات سے قبل حلقہ ایل اے 2 چک سواری اسلام گڑھ کے مسلم لیگی راہنمائوں کی طرف سے کیئے گئے عوام سے وعدوں کی تکمیل کا وقت آن پہنچا۔ وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت علاقہ پلاک کے موضعات نئی ابادی پلاک اور پوٹھہ پلاک میں رابطہ شاہرات و گلیوں کی پختگی کا کام جاری ہو چکا ہے جو آمدہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔

نئی آبادی پلاک میں معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت حاجی چودھری محمد ادریس اور قیصر محمود کھوکھر وغیرہ کے گھروں کو جانے والی سٹرک کی پختگی کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ گذشتہ روز کام کا آغاز دعا خیر و برکت سے کیا گیا۔ اس موقع پر حاجی چودھری محمد ادریس، بانی صدر ثواب فائونڈیشن و سینئر نائب صدر آزاد پریس کلب چک سواری انجینئر حسنین ادریس، چودھری ربنواز پلاکوی، چودھری افضال، حوالدار ریٹائرڈ ممتاز حسین، حاجی عدالت، چودھری عابد حسین پلاکوی، چودھری گل نواز، قیصر محمود کھوکھر، چودھری ماجد حسین پلاکوی و دیگر موجود تھے۔


شرکاء نے سڑک جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی اور انتخاب وعدے کی تکمیل پر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے راہنمائوں بالخصوص سابق امیدوار اسمبلی محمد نذیر انقلابی کا شکریہ ادا کیا۔

اسی طرح حلقہ ایل اے 2 (چک سواری اسلام گڑھ) میں پلاک کے موضع پوٹھ پلاک میں بھی اللہ دتہ، مسکین حسین و دیگر کے گھروں کو جانے والی سڑک کی پختگی کا کام جاری ہے جو آمدہ چند روز میں مکمل ہو جائے گا۔ یہاں بھی کام کے آغاز سے قبل دعا خیر و برکت کی گئی جس میں پراجیکٹ لیڈر علاقے کے سیاسی و سماجی راہنما چودھری ربنواز پلاکوی اور مقامی افراد نے شرکت کی۔

پوٹھہ پلاک کے رہائشیوں نے انتخابی وعدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سڑک پختگی کا کام شروع کروانے پر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی راہنما و سابق امیدوار اسمبلی محمد نذیر انقلابی، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل چودھری محمود حسین ایڈووکیٹ کا دلی شکریہ ادا کرتے اپنے مکمل تعاون و حمایت کا یقین دلایا۔


اس موقع پر آزاد پریس کلب چک سواری کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری ربنواز پلاکوی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی حکومت نے بلاتخصیص ترقیاتی کام کروا کر مقامی قیادت کو عوام کی نظروں میں سرخرو کر دیا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم ہونے والی آزاد حکومت نے ریاست میں تعمیر و ترقی کے جال بچھائے اور اکثر ترقیاتی منصوبہ جات مکمل ہو چکے ہیں جس سے حکومتی نیک نامی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور یہی کارکردگی آمدہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو عوامی عدالت میں سرخرو کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں