چکسواری، اہل چک سواری کے لیے خوش خبری، خواتین کے لیے فری سلائی سکول قائم۔

چک سواری (نمائندہ نیل فیری) عوام علاقہ چک سواری کے لیے خوش خبری، چک سواری میں سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے قائم واحد تعلیمی ادارے کیڈیکٹ (واقع سسرال بائی پاس روڈ) میں خواتین کے لیے فری سلائی سکول قائم کر کے فعال کر دیا گیا۔

گذشتہ روز کیڈیکٹ فری سلائی سکول کے افتتاح کے سلسلے میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کیڈیکٹ سکول چک سواری کے انچارج راجہ ساجد محمود، انجمن تاجراں چک سواری کے صدر خواجہ محمد شفیق، چودھری عبدالمجید، سابق امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے 2 و مرکزی راہنما مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر راجہ وسیم خالد، معروف عالم دین مولانا عبدالغفور نقشبندی، آزاد پریس کلب چک سواری کے صدر شہزاد عظیم و دیگر نے شرکت کی۔

انجمن تاجراں چک سواری کے راہنما چودھری عبدالمجید ساکن ڈھیری پھلی موہڑہ مقدم نے اپنے دست مبارک سے فیتہ کاٹ کر کیڈیکٹ فری سلائی سکول کا افتتاح کیا جب کہ اجتماعی دعا خیر و برکت مولانا عبدالغفور نقشبندی نے کروائی۔



انچارج کیڈیکٹ سکول چک سواری راجہ ساجد محمود نے شرکاء کو بتایا کہ چودھری عبدالمجید کے فرزند چودھری فرید حسین حال برطانیہ کے مالی تعاون سے خواتین کے لیے یہ فری سلائی سکول قائم ہوا ہے۔ عمارت کیڈیکٹ انتظامیہ نے فراہم کی جبکہ 20 عدد سلائی مشینیں، دیگر ضروری سامان، فرنیچر، تزئین و آرائش کا مکمل کام چودھری فرید حسین کے مالی تعاون سے ممکن ہوا جس پر تقریبا اڑھائی لاکھ روپے خرچ آیا ہے۔

راجہ ساجد محمود نے بتایا کہ بچیوں/ خواتین کو سلائی کورس کروانے کے لیے ماہر و تجربہ کار خاتون ٹیلر کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں اس لیے بالکل مفت اور معیاری سلائی کورس کرنے کی خواہش مند خواتین/ بچیاں رابطہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ کیڈیکٹ فری سلائی سکول کے قیام اور فعالیت کے بعد ادارے کے منتظمین مزید فلاحی منصوبہ جات پر بھی کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

شرکاء نے انجمن تاجراں چک سواری کے راہنما چودھری عبدالمجید ساکن ڈھیری پھلی موہڑہ مقدم اور ان کے فرزند چودھری فرید حسین کے کارخیر کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے جزائے خیر کی دعائیں دیں۔

یاد رہے حاجی راجہ اختر ساکن چڑہوئی ضلع کوٹلی حال مقیم برطانیہ نے چند سال قبل چک سواری میں خطیر رقم خرچ کر کے سپیشل بچوں (قوت سماعت و گویائی سے محروم) کی تعلیم و تربیت کے لیے پہلا اور واحد ادارہ قائم کیا تھا جس کی نگرانی راجہ ساجد محمود آف بڑوٹیاں چک سواری کر رہے ہیں۔ اس وقت اس تعلیمی ادارے میں نصف سینکڑہ کے قریب سپیشل بچے زیر تعلیم ہیں جن کی بالکل مفت تعلیم و تربیت کی جا رہی ہے۔ ادارے کے لیے تین کنال زمین کی خریداری سے لے کر عمارت کی تعمیر اور اب لاکھوں روپے ماہانہ اخراجات بانی حاجی راجہ اختر صاحب برداشت کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں