چکسواری، موسمِ برسات کی آمد لیکن تاحال برساتی نالے کی صفائی نہ ہوسکی.

چک سواری (نمائندہ نیل فیری) موسمِ برسات کی آمدآمد، طوفاتی بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظرالرٹ جاری لیکن نیوٹاؤن تا کلیال چک سواری آبادی کے درمیان سے گزرنے والے برساتی نالے کی صفائی نہ ہوسکی، گندگی کے ڈھیر اور پتھروں سے بھرابرساتی نالہ جانی ومالی نقصان کرنے کے لیے تیار، میونسپل کمیٹی چک سواری فی الفور برساتی نالہ کی صفائی کاانتظام کرے عوام علاقہ کامطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر و مینجمنٹ اتھارٹی نے آمدہ موسم برسات میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے سیلاب کے خطرے کے پیش نظرحفاظتی اقدامات کے حوالے سے الرٹ جاری کررکھاہے لیکن نیوٹاؤن چک سواری تا کلیال آبادی کے درمیان سے گزرتے برساتی نالے کی تاحال صفائی نہ ہوسکی۔ برساتی نالے میں اس وقت گندگی اورپتھروں کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں۔ اگراس کی بروقت صفائی نہ کی گئی توآمدہ موسم برسات میں قرب وجوار کی آبادیوں کاجانی ومالی نقصان ہونے کاشدیداحتمال ہے۔

گذشتہ ادوارمیں بھی اس بپھرے برساتی نالے نے کئی انسانی جانیں نگلیں اورگھروں و دُکانوں میں پانی داخل ہونے سے خطیرمالی نقصان بھی ہوا۔ عوام علاقہ نے آزاد پریس کلب چک سواری کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ نیوٹاؤن چک سواری کے بننے سے تمام علاقے کے برساتی پانی کارُخ اس نالے کی طرف کردیا گیاہے۔ برساتی نالے کی دیواریں بھی ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں اورگندگی و پتھروں کے ڈھیرکی وجہ سے پانی نالے سے نکل کرقرب وجوارکی آبادیوں کوشدید متاثر کرتاہے۔ بارش کے موسم میں جانی ومالی نقصان کااندیشہ ہمہ وقت موجودرہتاہے۔

عوام علاقہ نے میونسپل کمیٹی چک سواری کے ذمہ داران سے مطالبہ کیاہے کہ چک سواری کے برساتی نالے کی فی الفورصفائی کی جائے تاکہ برساتی پانی سے عوام کے جان ومال کے نقصان کے امکانات کم سے ہوسکیں۔

اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی چک سواری کاموقف لینے کے لیے رابطہ کیاگیاتوانہوں نے بتایاکہ مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا جا چکاہے اور سینٹری عملہ نالیوں کی صفائی میں مصروف ہے۔ مذکورہ برساتی نالے کے حوالے سے بھی سینٹری عملے کوفی الفورہدایات جاری کی جائیں گی اور چند روز میں اس کی صفائی کوبھی یقینی بنایاجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں