چکسواری، آزادکشمیر کے نام ور صحافی کا آزاد پریس کلب پر اعتماد کا اظہار، باضابطہ شمولیت اختیار کرلی۔

چک سواری (نمائندہ نیل فیری) آزاد پریس کلب چک سواری کی مقبولیت میں اضافہ، سینئرصحافی غضنفرعلی راجہ کی پریس کلب میں شمولیت، آزادپریس کلب چک سواری کے پلیٹ فارم سے منظم صحافتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کااعادہ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع میرپورکے نواحی قصبے چک سواری میں قائم آزاد پریس کلب چک سواری کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ آزادکشمیرکے سینئر ترین صحافی نیوز رپورٹرآزادکشمیر ریڈیوایف ایم101میرپور غضنفرعلی راجہ نے آزاد پریس کلب میں باضابطہ شمولیت اختیارکرلی۔

اس سلسلے میں پروقارتقریب گذشتہ روزپریس کلب میں منعقدہوئی جس میں پریس کلب کے سرپرستِ اعلیٰ خطہ چک سواری کے پہلے ناموروبزرگ صحافی حاجی چودھری فضل دادخان سمیت تمام عہدے داران واراکین نے شرکت کی۔تقریب کاباقاعدہ آغازتلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد پریس کلب شہزادعظیم، سینئرنائب صدر انجینئرحسنین ادریس، بانی صدر چودھری سکندرحیات کالس، سابق صدر محمدمرتضیٰ عطاری نے کہاکہ سینئر و کہنہ مشق صحافی غضنفرعلی راجہ کاشمار آزادکشمیرکے سینئرصحافیوں میں ہوتاہے اور آپ کی صحافتی خدمات کا زمانہ معترف ہے۔ غضنفرعلی راجہ کی آزاد پریس کلب میں شمولیت کسی اعزازسے کم نہیں۔

مقررین نے کہاکہ غضنفرعلی راجہ کی قیادت میں صحافتی قافلہ مزیدبہتراندازمیں صحافتی خدمات سرانجام دینے کے قابل ہوگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ آزاد پریس کلب چک سواری کے صحافیوں نے ہمیشہ غیرجانب دارانہ و معیاری صحافتی اقدارکے فروغ کے لیے کوششیں کیں اور ان شاء اللہ مستقبل میں بھی اس صحافتی پلیٹ فارم سے عوامی مسائل کے حل،مظلوم کی داد رسی اورمسئلہ کشمیرکے حل کے لیے قلمی جہاد جاری رہے گا۔

اپنے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غضنفرعلی راجہ نے کہاکہ آزاد پریس کلب چک سواری کے تمام عہدے داران و اراکین کاتہہ دل سے شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے عزت افزائی کی۔ انہوں نے کہاکہ آزادپریس کلب کے صحافیوں کی توقعات پر پورا اُترنے کی بھرپورکوشش کروں گا اور مثبت صحافت کے ذریعے پریس کلب کے وقار و تقدس میں اضافے کے لیے کوئی کسراٹھانہیں رکھوں گا۔

غضنفرعلی راجہ نے کہاکہ آزادپریس کلب چک سواری علاقے کاممتازصحافتی پلیٹ فارم ہے اور اس صحافتی پلیٹ فارم سے منسلک صحافیوں نے غیرجانب دارانہ صحافت کے ذریعے بھرپوراندازمیں عوامی مسائل کواُجاگرکیا اور ان شاء اللہ آئندہ بھی آزادپریس کلب چک سواری بہترین اندازمیں صحافتی خدمات سرانجام دیتا رہے گا۔

قبل ازیں پریس کلب آمدپرغضنفرعلی راجہ کاپرتپاک استقبال کیاگیا۔ تمام عہدے داران و اراکین نے ہار پہناکرغضنفرعلی راجہ کوخوش آمدیدکہا اور پریس کلب میں باضابطہ شمولیت پرمبارک بادپیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں