چکسواری، فلاحی تنظیم ثواب فائونڈیشن نے الرقیب ماحولیاتی تحفظ پراجیکٹ پر کام شروع کردیا۔

چک سواری (نمائندہ نیل فیری) ثواب فاؤنڈیشن نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے باضابطہ شجرکاری مہم شروع کردی، ابتدائی طورپرمرکزی میرپورکوٹلی شاہراہ پرپلاک تاکنیلی سینکڑوں پودہ جات لگائے جائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری ونجی عمارات میں بھی بھرپورشجرکاری کی جائے گی، بانی صدرثواب فاؤنڈیشن انجینئرحسنین ادریس کی الرقیب ماحولیاتی تحفظ پراجیکٹ بارے میڈیابریفنگ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع میرپورکے نواحی قصبہ پلاک (چک سواری) میں قائم فلاحی تنظیم ثواب فاؤنڈیشن نے الرقیب ماحولیاتی تحفظ پراجیکٹ کے تحت باضابطہ شجرکاری مہم کاآغازکردیا۔ اس سلسلے میں اتوار کے روز ثواب فاؤنڈیشن کے مرکزی دفترپلاک میں میڈیا بریفنگ کاانعقادکیاگیا۔

بانی صدرثواب فاؤنڈیشن انجینئرحسنین ادریس نے سیاسی وسماجی راہ نماؤں اور صحافیوں کوالرقیب ماحولیاتی تحفظ پراجیکٹ بارے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ ثواب فاؤنڈیشن اپنے قیام سے تاحال معاشرتی اصلاح کے لیے مصروف عمل ہے۔ رواں موسمِ برسات میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے شجرکاری مہم کا مربوط منصوبہ بندی کے بعدآغازکیاگیاہے جس کے تحت ابتدائی طور پر پلاک تاکنیلی مرکزی میرپورکوٹلی شاہراہ کے دونوں اطراف سینکڑوں پودہ جات مع جنگلہ لگائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری ونجی عمارات میں بھی ہزاروں پودے لگانے کاارادہ رکھتے ہیں۔

انجینئرحسنین ادریس نے بتایاکہ درختوں کی اہمیت سے کوئی ذی شعورانکارنہیں کرسکتا۔ ضلع میرپوربالخصوص چک سواری اور مضافاتی علاقوں میں درختوں کی کمی سے شدیدموسمی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ثواب فاؤنڈیشن شجرکاری کے ساتھ ساتھ شجرپروری پربھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ لگائے جانے والے تمام پودہ جات کی باضابطہ ماہانہ بنیادوں پرپڑتال ہواکرے گی تاکہ انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھ کرتناور درخت بننے میں حائل رکاوٹوں کودورکیاجاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ مخیرحضرات نے شجرکاری مہم کے لیے بھرپورتعاون فرمایاجس پرتمام متعلقین کے شکرگزارہیں۔

اس موقع پر اکرم سبحانی رینج آفیسرمیرپورمحکمہ جنگلات، محمدآصف بھٹی ڈپٹی ڈائریکٹرپاکستان بیت المال، راجہ گل فرازخان ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی چک سواری، علامہ عبدالخالق نقشبندی مہتمم جامعہ تعلیم القرآن نقشبندیہ پلاک نے بھی خطاب کیااور ثواب فاؤنڈیشن کے رفاعی کاموں کوزبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

میڈیابریفنگ میں علاقے کے سیاسی وسماجی راہ نماؤں،ثواب فاؤنڈیشن کے رضاکاران، صدرآزادپریس کلب چک سواری شہزادعظیم، سیکرٹری اطلاعات وقاص حسین چودھری، صحافی قیصرعزیزو دیگرنے شرکت کی۔ ثواب فاؤنڈیشن کی طرف سے الرقیب ماحولیاتی تحفظ پراجیکٹ کی میڈیابریفنگ کے بعد معززمہمانان اور شرکاء نے اپنے ہاتھوں سے پودہ جات بھی لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں