چک سواری (نمائندہ خصوصی) بشارت شہیدفٹ بال کلب چک سواری کے زیراہتمام فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب گذشتہ روزگورنمنٹ بوائزڈگری کالج چک سواری کے گراؤنڈمیں منعقدہوئی جس میں سابق اُمیدواراسمبلی وجموں کشمیریونائیٹڈموومنٹ کے مرکزی راہ نماچودھری مظہراقبال نے بطورمہمانِ خصوصی شرکت کی۔
فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی کے ہمراہ سیاسی وسماجی راہ نماچودھری محمدتاج سمیت علاقہ کی ممتازشخصیات موجودتھیں۔کالج گراؤنڈمیں آمدپرمہمانِ خصوصی چودھری مظہراقبال کانوجوان کھلاڑیوں نے پرتپاک استقبال کیااورمالاپہنائیں۔بعدازاں افتتاحی میچ کھیلنے والی دونوں ٹیموں یوتھ فٹ بال کلب میرپوراورکشمیرالیون فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں کامہمانِ خصوصی سے تعارف کروایاگیا۔
مہمانِ خصوصی چودھری مظہراقبال نے کھلاڑیوں کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ کھیل انسانی جسم ودماغ کی نشونماکے لیے بہت اہم ہیں بلکہ کسی دانش ورکامعروف قول ہے کہ جس قوم کے کھیل کے میدان آبادہوتے ہیں وہاں کے اسپتال ویران ہوجاتے ہیں۔چودھری مظہراقبال نے کہاکہ جسمانی کھیلوں اورکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے میں ہمہ وقت تیارہوں بلکہ جانی،مالی ہرقسم کاتعاون بھی کروں گا۔فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقادپرتمام منتظمین کومبارک بادپیش کرتاہوں اوراُمیدرکھتاہوں کہ چک سواری کے دیگرنوجوان بھی کھیلوں کے میدانوں آبادکرکے صحت مندزندگی کی طرف لوٹیں گے۔
افتتاحی میچ میں یوتھ فٹ بال کلب میرپورکوایک کے مقابلے میں صفرگول سے کامیابی ملی اورمین آف دی میچ یوتھ فٹ بال کلب میرپورکے کھلاڑی حسیب قرارپائے۔افتتاحی میچ کے مہمانِ خصوصی چودھری مظہراقبال نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے نقدانعام کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کی طرف سے ٹرافی بھی ٹیم کپتان کے حوالے کی۔بشارت شہیدفٹ بال کلب چک سواری کے زیراہتمام منعقدہونے والے فٹ بال ٹورنامنٹ میں روزانہ کی بنیادپرمیچ کھیلے جاتے ہیں۔فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقادمیں نوجوان کھلاڑیوں قاضی شہبازاحمد،چودھری قاسم الیاس اوراُن کے دیگردوستوں کی ان تھک محنت شامل ہے۔