پنجاب پاور لفٹنگ پینچ پریس مقابلے میں چکسواری کے پہلوان نے سلور میڈل حاصل کرلیا۔

چک سواری (شہزاد عظیم سے) چک سواری کے نوجوان پہلوان محمد عدیل کی کامیابیوں کا سفر جاری، پنجاب پاور لفٹنگ پینچ پریس مقابلے میں سلور میڈل حاصل کر لیا۔ عوام علاقہ اور دوست احباب کی طرف سے پہلوان محمد عدیل کو مبارک باد اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار۔

تفصیلات کے مطابق ضلع میرپور کے نواحی قصبہ چک سواری سے تعلق رکھنے والے نوجوان پہلوان محمد عدیل اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں منعقد ہونے والے پاور لفٹنگ مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے بعد پنجاب پاور لفٹنگ پینچ پریس مقابلے میں سلور میڈل اپنے نام کرلیا۔

پنجاب پاور لفٹنگ بینچ پریس چمپیئن شپ مورخہ 20 مارچ 2022ء بروز اتوار صوبہ پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی جس میں پنجاب کے طول و عرض سمیت آزاد کشمیر سے پہلوانوں نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ چک سواری سے تعلق رکھنے والے نوجوان پہلوان محمد عدیل نے اپنی کیٹگری 59-66 کلوگرام میں دوسری پوزیشن لی اور اس طرح سلور میڈل کے حق دار قرار پائے۔

اس بڑے اور اہم مقابلے میں حصہ لینا اور پھر کامیابی حاصل کرنا یقیناً بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اہل چک سواری بالخصوص پہلوان محمد عدیل کے دوست احباب نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عوام علاقہ چک سواری نے کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں نوجوان کھیلوں کے بجائے دیگر منفی سرگرمیوں میں زیادہ دل چسپی لے رہے ہیں جس بناء کھیلوں جیسی صحت مندانہ سرگرمیاں معدوم ہوتی جارہی ہیں جب کہ بدقسمتی سے عوامی اور حکومتی سطح پر بھی کھیلوں کی سرپرستی نہیں کی جارہی لیکن ایسے میں پہلوان محمد عدیل علاقے کے نوجوانوں کے لیے روشن مثال ہیں جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت شوق اور محنت سے سفر جاری رکھا اور آج اللہ رب العزت نے انہیں عزت سے نوازہ ہے۔