میرپور، جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاطتی ٹیکہ جات گھرگھر جا کر لگانے کی مہم شروع۔

میرپور (پی آئی ڈی) محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میرپورنے جانوروں میں ویکسینیشن مہم شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹرانیمل ہیلتھ اینڈ وٹرنری سروسز میرپورکے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک، آبپاشی واسما ارشاد احمد قریشی کی خصوصی ہدایات اور ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرمحمد اعجاز خان کے احکامات کے تحت اس دفعہ جانوروں میں حفاظتی ٹیکہ جات ایک مہم کی صورت میں کئے جارہے ہیں۔

مہم کے دوران گائیوں بھینسوں میں متعدی امراض گل گھوٹو، بلیک کوارٹر، بھیڑ بکریوں میں انٹروٹاکسیمیا اورمرغیوں میں متعدی مرض رانی کھیت کے خلاف حفاظتی ٹیکہ جات گھرگھرجاکرلگائے جائیں گے۔اس سلسلہ میں ضلع کوچھ زون میں تقسیم کیاگیا ہے۔ ہر زون میں متعلقہ وٹرنری آفیسر کی سربراہی میں ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹرخالدقیوم بٹ نے عوام علاقہ اورمویشی پال حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں محکمہ کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ جانوروں کو ان بیماریوں سے محفوظ کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کسان کے گھر محکمہ کی ٹیم نہیں پہنچتی تو وہ اپنے قریبی وٹرنری مرکزیا دفتر ایڈیشنل ڈائریکٹر میں فون نمبر921452-05827پررابطہ کرسکتے ہیں۔