وادی نیلم، جیپ گہری کھائی میں جا گری، ایک ہی خاندان کی 6 خواتین جاں بحق

مظفر آباد: ( نیل فیری نیوز) وادی نیلم میں جیپ گہری کھائی میں جا گری، المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کی 6 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق وادی نیلم میں جیپ ووٹرز کو پولنگ سٹیشن تک لے جا رہی تھی کہ راستے میں موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری

۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک ہی خاندان کی 5 خواتین موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ ایک ہسپتال جا کر جان کی بازی ہار گئی، حادثے میں ڈرائیور سمیت7افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

نیل فیری کو موصولہ اطلاعات کے مطابق گاڑی نمبر GAA329 دودھنیال چھری کے مقام پر حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں 6 خواتین موقع پر جاں بحق، 03 خواتین اور 02 افراد شدید زخمی جبکہ 02خواتین زخمی ہوئی ہیں۔ بیساں والی دودھنیال پولنگ سٹیشن نمبر 07 اور 08 میں پولنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ حادثے میں ہونے والے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے بی ایچ یو دودھنیال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مسافر گاڑی ووٹرز کو پولنگ سٹیشنز سے واپس گھر لا رہی تھی۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں شمیم بی بی زوجہ حسین، زیور جان زوجہ بشیر ملک ، صاحبزادی بیوہ امین ملک، الطاف جان زوجہ عمران ملک، بی بی گڈی زوجہ اصغر ملک اور رانی بی بی زوجہ حسین ساکنہ بیساں والی دودھنیال شامل ہیں۔ زخمیوں میں ولایت بی بی زوجہ سرور ملک، ثوبیہ بی بی زوجہ ریاض ملک، حبیب جان زوجہ کندر ملک، ڈرائیور فدا حسین ولد میر خان, مبشر ولد غلام عباس ساکنہ بیساں والی دودھنیال شامل ہیں۔